ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکہ میں احتجاجی مظاہروں میں سوشل میڈیا کا کردار کیا رہا؟

امریکہ میں احتجاجی مظاہروں میں سوشل میڈیا کا کردار کیا رہا؟

Tue, 09 Jun 2020 18:36:42    S.O. News Service

 واشنگٹن ،۹/جون (آئی این ایس انڈیا) "ہم نوجوان اس مظاہرے میں اس لیے جمع ہوئے ہیں کیونکہ ہمارے پاس سوشل میڈیا کی طاقت ہے اور ہمارے پاس ٹیکنالوجی ہے جو ہر سال بہتر سے بہتر ہوتی جا رہی ہے۔یہ بات 17 سالہ افریقی امریکی ٹیانا ڈے نے امریکہ کے مشہور گولڈن گیٹ پل پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اس وقت کہی جب چند طالبات کی سوشل میڈیا کے ذریعے مہم کے جواب میں سان فرانسسکو اور اس کے گرد و نواح سے ہزاروں لوگ ایک پرامن مظاہرے میں شریک ہوئے۔

یہ مظاہرہ سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس کی تحویل میں موت کے بعد امریکہ کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں کی ایک کڑی تھا۔ اگرچہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو کسی مسئلہ پر اکٹھا کرنے کی یہ کوئی انوکھی مثال نہیں لیکن ماہرین کے مطابق امریکہ کے موجودہ حالات میں نوجوانوں کی ان مظاہروں میں شرکت اور سوشل میڈیا کا استعمال معاشرتی ارتقا ایک اہم پہلو ہے۔

جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہروں کے آغاز میں اس ویڈیو کا بہت عمل دخل ہے جس میں انہیں ایک پولیس افسر کے گھٹنے تلے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو بڑے پیمانے پرانٹرنیٹ پر دیکھی گئی۔ ٹیکنالوجی اور معاشرتی پہلوؤں پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا کو دونوں، مثبت اور منفی عزائم کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایمنڈا نیل ایڈگر جو کہ دی سٹرگل بلیک لائیوز میٹر آل لائیوز میٹر کی مصنفہ ہیں، کہتی ہیں کہ جب لوگ کسی تصویر کو دیکھتے ہیں تو ان کے اندر ایک جذباتی ردعمل پیدا ہوتا ہے جسے وہ اپنے اپنے تجربات کی روشنی میں سمجھتے ہیں۔ لیکن ساتھ ہی وہ تنبیہ کرتی ہیں کہ اگر کسی تصویر کو اس کے تناظر سے ہٹ کر دکھایا جائے تو اس سے لوگوں کو گمراہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ماہرین کے مطابق کیونکہ جاج فلائیڈ سے متعلق ویڈیو میں کوئی ابہام نہیں تھا اس لئے لوگوں نے شعوری طور اسے دیکھنے کے بعد احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔ گزشتہ دہائی میں سوشل میڈیا کے استعمال پر ایک نظر ڈالی جائے جائے تو یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ زیادہ تر لوگ اسے اپنے جمہوری حقوق کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ عالمی سطح پر اس کی ایک بڑی مثال مشرق وسطیٰ میں عرب اسپرنگ کے دوران جمہوری تحریکوں میں ملتء ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دنیا کے مختلف رہنما اور سیاسی گروپس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو سیاسی پیغام رسانی اور اپنے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں۔ دوسری طرف بہت سے لوگ سوشل میڈیا کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ امریکہ میں سوشل میڈیا کے بڑے پیمانے پر استعمال کی بڑی مثال خواتین کی ’می ٹو موومنٹ‘میں نظر آتی ہے۔ جہاں تک افریقی امریکی برادری کا سوشل میڈیا کے استعمال کا تعلق ہے،تو تحقیقی ادارے پیو ریسرچ کے مطابق ان میں تقریباً نصف حصہ یہ سمجھتا ہے کہ ان کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی اہمیت بہت زیادہ ہے، کیونکہ وہ انہیں اپنے سیاسی نظریات کے اظہار اور اپنے مسائل کی طرف توجہ دلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔


Share: